دبئی11جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)متحدہ عرب امارات بالخصوص دبئی اپنے ہوائی اڈوں پر مزید سہولتیں فراہم کرنے اور اس میدان میں دستیاب جدید ترین ٹکنالوجی کو استعمال کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ان شان دار "سہولتوں" کے سلسلے میں نئی کڑی اب پاسپورٹ اور ویزا سے بے نیاز ہو کر اسمارٹ فون کو متبادل کے طور پر استعمال کیا جانا ہے۔
ٹکنالوجی کے ارتقاء کے میدان میں ایک منفرد تجربے کے طور پر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روانگی کے ہال میں Emirates Smart Wallet کی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ اس کے تحت مسافر اپنے اسمارٹ فون میں ذاتی معلومات کے اندراج کی ایپلی کیشن انسٹال کریں گے اور انہیں ایک الکٹرونک کوڈ فراہم کیا جائے گا جو سفری پاسپورٹ کا متبادل ہوگا۔ مسافر ایئرپورٹ پر الکٹرونک اسکینروں سے گزرتے ہوئے اپنے اسمارٹ فون کو ظاہر کریں گے جس سے ان کی متعلقہ معلومات کی تصدیق ہو جایا کرے گی۔اس سلسلے میں دبئی میں قیام اور غیرملکیوں کے امور سے متعلق جنرل ڈائریکٹوریٹ کے ایک ذمے دار نے واضح کیا کہ نئی سہولت ایک موبائل ایپ کے ذریعے استعمال میں آئے گی۔ یہ ایپ ڈائریکٹوریٹ کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔منصوبے کا مقصد دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے سفر کے اقدامات کو آسان بنانا ہے۔ دبئی ایئرپورٹ مذکورہ اسمارٹ سسٹم کو اپنانے والے دنیا کا پہلا ہوائی اڈہ ہے۔ یہاں مسافر کے لیے اپنا پاسپورٹ اور ٹکٹ رکھنے اور پھر انہیں کسٹم حکام کو پیش کرنے کے بدلے صرف اپنا اسمارٹ فون رکھنا کافی ہے جس کو وہ سفر کے اسمارٹ گیٹ وے پر استعمال کرے گا۔